ننکانہ صاحب(نامہ نگار)وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں باباگورونانک یونیورسٹی کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع ہوجائے گا، یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے فنڈز جاری کردئیے گئے ہیں جبکہ اسی ہفتہ ٹینڈر شائع ہوجائے گا جس کے بعد یونیورسٹی کی تعمیر کا کام باقاعدہ طور پر شروع کردیا جائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب ننکانہ صاحب کے سینئر صحافی چوہدری شاہین اقبال غیور سے بذریعہ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھوں گا، تعلیم انسان کا بنیادی حق ہے اور کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خاں کے ویژن کے مطابق ہم اپنی نسلوں کے لئے زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع پیدا کریں گے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کرداد ادا کرسکیں انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں باباگورونانک یونیورسٹی کی تعمیر اسی ویژن کا ایک حصہ ہے ، ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک یونیورسٹی کی تعمیر سے نہ صرف لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگی بلکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
بابا گورونانک یونیورسٹی کے منصوبے پرجلد کام شروع ہوگا: اعجاز احمد شاہ
Jan 13, 2020