ورلڈ اتھلیٹکس کوچنگ اینڈ ٹیکنیکل آفیشلز کورس اختتام پذیر

Jan 13, 2020

لاہور(سپورٹس رپورٹر ) اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے زیراہتمام ورلڈ اتھلیٹکس کوچنگ اینڈ ٹیکنیکل آفیشلز کورس کوچنگ سنٹر میں ختم ہوگیا، شرکاء نے کورس کو مستقبل کے لیے بہترین قرار دے دیا۔ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیراہتمام ملکی اتھلیٹکس کی تاریخ میں دوسری مرتبہ ہونیوالے ورلڈ اتھلیٹکس ٹیکنیکل اینڈ کوچنگ کورس میں ملک بھر سے دو خواتین سمیت 27 کوچز نے شرکت کی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر میں پانچ روز تک جاری رہنے والے کورس کو ورلڈ اتھلیٹکس کے کوالیفائڈ کنڈکٹر پرویز سعید میر نے کنڈکٹ کیا، کورس کے اختتام پر شرکاء کے انٹرویوز اور تحریری ٹیسٹ ہوئے۔ شرکاء نے کورس کو بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورس سے ان کو مستقبل میں خود کو بین الاقوامی سطح پر منوانے کا موقع ملے گا۔ کورس کنڈکٹر پرویز سعید میر کا کہنا تھا کہ کورس کرنیوالوں میں بین الاقوامی سطح پر کام کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملکی ٹیکینکل آفیشلز کی سکلز کو نکھارا جائے۔ واضح رہے کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کوچز اور آفیشلز کو لیول ٹو کورس کرنے کیلئے بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔

مزیدخبریں