لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ اب روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، آنے والے مہینوں میں مہنگائی کم ہوگی۔ حماد اظہر نے کہا کہ رواں ماہ 8 جنوری کو(ایف اے ٹی ایف) کو پہلے سے رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ امید ہے کہ معاشی طور پر اس سال معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بزنس مینوں کا اعتماد بڑھنے سے سرمایہ کاری میں 78 فیصد اضافہ ہوا، سرکلر ڈیٹ میں کافی کمی آئی جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ سابق حکومت خسارہ چھوڑ کر گئی، ہم نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ مہنگائی کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں پریشر تھا۔ سخت فیصلے نہ کرتے تو پاکستان خدانخواستہ دیوالیہ ہو جاتا۔ تاہم اب روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔ آنے والے مہینوں میں مہنگائی کم ہوگی۔