اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے عمان کے نئے سلطان ہثیم بن طارق آل سعید کو مبارک دیتے ہوئے پاکستان کے عوام اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اتوار کو اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا امید ہے کہ ان کی قیادت میں پاکستان اور عمان میں برادرانہ تعلقات اور تعاون میں مزید قربت آئے گی، سلطان ہثیم بن طارق آل سعید کی رہنمائی میں مرحوم سلطان قابوس کا تعلیم، صحت اور ترقی کا سفر مزید تیزی سے آگے بڑھے گا، عمان کے نئے سلطان کی کامیابی کے لئے خیرسگالی کا پیغام دیتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں۔ ادھر خلیجی ریاست عمان کے نئے حکمران ہیشم بن طارق آل سعید کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ان سے غیرملکی لیڈروں نے ملاقاتیں کی ہیں۔ ملاقات کرنے والوں میں برطانوی ویزاعظم بورس جانسن‘ شہزادہ چارلس بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کویت کے حکمران شیخ صباح الاحمد الصباح اور قطر کے سلطان بن حمد الثانی نے بھی ان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف بھی عمان پہنچ گئے ہیں۔آن لائن کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اومان کے سلطان قابوس کے انتقال پر گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انہیں امریکہ کا دوست قرار دیا ہے جنہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لئے کام کیا۔
ہثیم سے عالمی رہنمائوں کی ملاقاتیں‘ عمانی سلطان کو شہباز شریف کی مبارکباد
Jan 13, 2020