بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ، جو گرجتے ہیں برستے نہیں: اعجاز شاہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر + نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے، اتحادی پارٹنرز کے کچھ تحفظات ضرور ہوتے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں۔ امید ہے بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، مہمان ٹیم کو ہر طرح کی سکیورٹی فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے پاکستان پولو کپ کے فائنل میچ کے موقع پر لاہور پولو کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ 2020ء تبدیلی کا نہیں بلکہ ملکی ترقی کا سال ہے۔ ملکی حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں، بنگلہ دیش کی جونیئر اور خواتین ٹیم پاکستان آ چکی ہیں، پاکستان میں سپر لیگ بھی کروا رہے ہیں، بدقسمتی سے کرکٹ میں بھی سیاست گھس گئی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ بنگلہ دیش ٹیم کے نہ آنے کی وجہ کیا غیر ملکی ہاتھ ہو سکتے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ یہ آپ بھی جانتے ہیں اور میں بھی۔ کوئٹہ دھماکہ پر وزیر داخلہ نے کہا کہ جب بھی ہم بہتری کی طرف جاتے ہیں تو دشمن سماج عناصر اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں، ہر طرح کے حالات سے بخوبی نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہتر ین فوج ہے ملکی سر حدوں کے ایک ایک انچ کا تحفظ کیا جائیگا ‘بھارتی آرمی چیف بھارت میں لگنے والی آگ اور انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے کسی بھی جارحیت پر بھارت کو ایسا جواب دیں گے کہ اسکی آنیوالی نسلیں بھی یادرکھیں گی ‘ 22کروڑ پاکستانی عوام افواج پاکستان اور دیگر سیکورٹی فورسز کیساتھ ہیں۔ بھارتی آرمی چیف کے پاکستان مخالف بیان پر اپنے ردعمل میں گورنر نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف منوج مکنڈ نرو کی پاکستان کو دھمکیاں بھارتی عوام کو بے وقوف بنانے کے بھارتی حکومت کے منصوبے کا ہی حصہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...