اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت )متحدہ مجلس عمل کے بانی و سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمدکا 82واں یوم پیدائش12جنوری اتوار کو منایاگیا ۔قاضی حسین احمد1938ء میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر نوشہرہ میں پیدا ہوئے انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز1970ء میں رکن جماعت اسلامی سے کیا۔قاضی حسین احمد 1978ء میں جماعت اسلامی کے جنرل سیکر ٹری اور1987ء کو امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہوئے وہ2004ء تک چار مرتبہ امیر جماعت منتخب ہوئے۔قاضی حسین احمد 1985ء اور 1992ء میں دو مرتبہ سینیٹر منتخب ہوئے۔2002ء کے انتخابات میں قاضی حسین احمد دو حلقوں سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے انہوں نے ملک کی تمام دینی جماعتوں کو متحد کرکے ایک پلیٹ فارم ’’ متحدہ مجلس عمل ‘‘ میں اکٹھا کر دیا ۔قاضی حسین احمد6جنوری2013ء کواسلام آباد میں دل کے عارضہ کے سبب انتقال کر گئے تھے۔