مانسہرہ/ایبٹ آباد (نوائے وقت رپورٹ) منڈیال پھول گلاب میں کمرے میں گیس بھرنے سے دم گھٹنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔ دریں اثناء خیبر پی کے کے ضلع مانسہرہ میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے میاں بیوی بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے پوٹھہ میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا جہاں ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹمارٹم کے بعد نعشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ لگتا ہے کہ گھر کے افراد رات کو گیس ہیٹر چلا کر بند کرنا بھول گئے جس کی وجہ سے گیس بھرنے سے ان افراد کے دم گھٹ گئے۔