واشنگٹن، برسلز (اے پی پی+ این این آئی) عالمی و علاقائی امور میں50 سے زیادہ امریکی ماہرین اور سفارتکاروں نے امریکہ کے نو منتخب صدر جوبائیڈن کے نام ایک خط میں مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ کی آئندہ حکومت فوراً جوہری سمجھوتے میں واپس آئے اور ایران کے خلاف پابندیاں کم کرے۔ ٹرمپ حکومت کی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسیوں کی ناکامی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی حکومت ایٹمی سمجھوتے میں واپس آئے اور اس پر کار بند رہے۔ جوبائیڈن کو ٹرمپ کی نقصان دہ پالیسیوں کی تلافی کرنا چاہئے۔ یورپی یونین نے ایران سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوہری معاہدے کی خلاف ورزیوں سے باز رہے۔ ایران میں یورینیم افزودگی کی سطح کو 20 فیصد تک بڑھایا جانا بہت خطرناک پیشرفت اور تشویش کا باعث ہے۔ ادھر سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے نئی امریکی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ ایران کیساتھ ڈیل ری اوپن کرنے سے باز رہے۔واشنگٹن ڈی سی میں خطاب کرتے ہوئے مائیک پومپیو نے الزام لگایا القاعدہ کا نیا اڈہ ایران ہے ،یہ واقعتا نیا افغانستان ہے،تہران نے بیان کو مسترد کر دیا ہے۔