اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میںملزمان پر 3فروری کوفردِ جرم عائدکی جائیگی

اسلام آباد(نا مہ نگار)احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی و دیگر کے خلاف اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 3فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔منگل کو عدالت کی جانب سے ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث فردِ جرم کی کارروائی موخر کر دی گئی۔احتساب عدالت نے قرار دیا کہ فردِ جرم کی کارروائی کے لیے فروری کی کوئی تاریخ رکھتے ہیں۔ملزمان کے وکیل نے استدعا کی کہ فروری میں جو بھی تاریخ رکھیں بس 14فروری نہ رکھیں، جس پر عدالت میں قہقہے بکھر گئے۔عدالت نے یوسف رضا گیلانی و دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 3فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔نیب نے عدالت سے مسلسل غیر حاضر ملزم فاروق اعوان کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کر دی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سابق سیکریٹری آئی ٹی فاروق اعوان عرصہ دراز سے بیرونِ ملک ہیں، جو عدالت میں حقائق چھپاتے ہوئے بیماری کی بنیاد پر استثنی کی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو آج ہی پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر سے رپورٹ لے کر وارنٹس جاری کرنے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن