حیدرآباد(نامہ نگار)سینئر مسلم لیگی رہنما سید فصیح الحسنین شاہ نے کہا ہے کہ سفارش اور میرٹ کی پامالی نے ملک میں انصاف کی دھجیاں بکھیردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے مایوس کیا۔ یہاں پر بھی پرچی سسٹم چل رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کو ماضی میں ورلڈکپ جیتنے کازعم ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ملک چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں وہ اور ان کے وزراء پاکستان کو برباد کررہے ہیں ان کی کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں انہوں نے استقلال اسپورٹس کلب کی بنیاد رکھ کر باصلاحیت نوجوانوں کو آگے لے جانے کی کوشش کی۔ مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول سے اچھی امیدیں وابستہ ہیں موجودہ حکمراں عوامی توقعات پر پورا نہ اترسکے۔ غریبوں کی آمدنی ختم اور مہنگائی آسمان پر پہنچادی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان سے محبت ہے اس لئے ان کے دشمنوں کو معاف نہیں کرسکتا ملک کو چلانے کے لئے باصلاحیت اور محب وطن قوتوں کی ضرورت ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقتدار اہل افراد کے حوالے کیا جائے۔