کرک (نیٹ نیوز + آئی این پی) نامعلوم افراد کی انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ سے سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار جنید اﷲ شہید ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پی کے میں بنوں اورکرک کے سرحدی علاقے تخت نصرتی میں انسداد پولیو مہم جاری تھی کہ نامعلوم افراد ٹیم پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار جنید اﷲ موقع پر ہی شہید ہوگیا۔ ڈی پی او کرک کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کی فائرنگ سے پولیو ٹیم محفوظ رہی ہے۔ شہید اہلکار کی میت قریبی ہسپتال منتقل کردی گئی ہے جب کہ واقعے کی نوعیت جاننے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ واقعہ کے بعد علاقے میں انسداد پولیو مہم روک دی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیو ڈیوٹی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کی پولیس لائن میں نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی آئی جی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایک گھنٹہ انتظار کے باوجود بھی شریک نہ ہو سکے۔ جنازہ میں ڈی ایس پیز اور ایس پی انوسٹی گیشن کے علاوہ علاقہ معززین اور انجمن تاجران نے شرکت کی۔ جنازہ کے بعد شہید کی میت آبائی گاؤں میانکی روانہ کردی گئی۔
کرک: انسداد پولیوٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار شہید، مہم روکدی گئی
Jan 13, 2021