پاک بحریہ کا آبدوز سے اینٹی شپ میزائل،تار پیڈ وفائر کرنے کا مظاہرہ، کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا: نیول چیف نے مشاہدہ کیا

Jan 13, 2021

اسلام آباد +کراچی(سٹاف رپورٹر+این این آئی)  پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس نے شمالی بحیرہ عرب میں ہتھیاروں  کی  کامیاب لائیو  فائرنگ کے ذریعے جنگی تیاری کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے سینئر نیول آفیسرز کے ہمراہ فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ پاک بحریہ کی آبدوزوں سے داغے گئے جہاز شکن میزائلز اور تارپیڈوز نے اپنے اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ کامیاب  فائرنگ پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں اور حربی قابلیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر امیر البحر نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اورآفیسرز اور جوانوں کے جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ قابلیتوں کو بھی سراہا۔ لائیو ویپنز فائرنگ کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے قوم کو اس بات کی یقینی دہانی کرائی کہ پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے اور بحری دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کیلئے ہر دم مستعد ہے۔  دریں اثناء ایڈمرل امجد خان نیازی نے سالانہ ایفی شینسی ایوارڈز برائے 2020ء کی تربیت میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اس موقع پر  چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ پاک بحریہ سی پیک اور گوادر پورٹ سمیت سمندری حدود کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری سے بخوبی واقف ہے۔ نیول چیف نے آئندہ چیلنجزکا سامنا کرنے کے لیے اہلکاروں کی جدید طرزپر تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں ، مہمان خصوصی نے مختلف کیٹیگریز میں بہترین افراد/ یونٹس کو اعزازی شیلڈز سے نوازا۔ میجر ٹریننگ یونٹ کی مجموعی ایفی شنسی شیلڈ پی این ایس کارسازجبکہ چھوٹے ٹریننگ یونٹ کی مجموعی ایفی شنسی شیلڈ پی این ایس رہنما نے جیتی۔ پی این ایس نگران کو سپورٹ / سروسز کے لئے مجموعی طور پر ا یفی شنسی شیلڈ سے نوازا گیا۔نیول چیف نے انعام یافتہ یونٹس اور افراد کو مبارکباد پیش کی اور مختلف شعبوں میں کمکار کمانڈ کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔

مزیدخبریں