ملتان(خبرنگار خصوصی)صوبہ سندھ سے آم کے باغبانوں کے 40رکنی وفد کی سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل سے ملاقات۔آم کے آئی پی ایم ماڈل سمیت دیگر پیداواری امور بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے کہا کہ یہ دورہ سندھ کے باغبانوں کیلئے انتہائی مفید رہے گا کیونکہ دوطرفہ معلومات کے تبادلے اور عملی طور پر آم کے باغات کے معائنہ سے ان کے علم میں اضافہ سے آم کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آم کی کوالٹی اور پیداوار میں اضافہ کیلئے آئی پی ایم ماڈل پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ آم کے زیر کاشت رقبہ 162ہزار ہیکٹیرز ہے جس سے سالانہ تقریباً1750 ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوتی ہے۔بعد ازاں کاشتکاروں نے مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل سائنٹسٹ عبدالغفارگریوال نے کاشتکاروں کو ادارہ کے تحت جاری تحقیقی سرگرمیوں بارے آگاہی دی۔