کھاد بحران حکومت کو لے ڈوبے گا،عوام مایوس ہوچکے:سیدمحمدمحفوظ مشہدی

Jan 13, 2022

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علمائے پاکستان (سواداعظم )کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ کھاد بحران نے کسان کو رلا دیا ہے۔ حکومتی نااہلی کے باعث آئندہ گندم کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔عوام بری طرح مایوس ہو چکے ہیں۔کھاد بحران حکومت کو لے ڈوبے گا۔ حکومتی نااہلی کے باعث عوام اپنے جسم اورروح کا رشتہ برقرار رکھنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ یوریا کھاد دستیاب نہیں ، تو ڈی اے پی مہنگی ہوچکی ہے۔ کھاد لینے کیلئے لائنوں میں لگا کرکسانوں کی تذلیل کی جاتی ہے۔ حکومت عوامی غیض و غضب کو برداشت نہیں کر سکے گی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ حکومتی وزراء کی کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں مگر نیب کسی کارروائی کیلئے تیار نہیں ہے ۔حکومتی نااہلی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے۔ مہنگے پیٹرول ، گیس اور بجلی کی قلت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ اب تو تحریک انصاف کے اندر سے بھی حکومتی پالیسیوں کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں ۔

مزیدخبریں