مری کو ٹورسٹ ضلع بنادیا گیا ، کوہسار ٹورزم ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنے گی 

راولپنڈی (جنرل رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے) سول جج راولپنڈی نواز اشرف نے مری میں سڑکوں پر برف پھینک کر سیاحوں سے بھاری معاوضہ وصول کرنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم ثاقب عباسی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 27ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر راولپنڈی تحصیل مری کو "مری ٹورسٹ ڈسٹرکٹ" بنا دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایم این اے صداقت عباسی کی صدارت میں ایک اجلاس راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا مری کو "مری سیاحتی ضلع" بنا دیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اس ضلع میں کوٹلی ستیاں اور مری ہیں، کہوٹہ اور کلرسیداں اس میں شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کوہسار ٹورزم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو قائم کیا جائے گا جو مری سیاحتی ضلع کو کنٹرول کرے گی اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر سانحہ مری کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی نے بدھ کے روز مری کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ کمیٹی کے کنونیئر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ظفر نصراللہ کی سربراہی میں سیکرٹری پنجاب محمد علی فراز اسد گیلانی اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب فاروق مظہر سمیت4 اراکین پر مشتمل کمیٹی نے کلڈنہ اور سنی بنک سمیت برفباری سے متاثرہ دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور برفانی طوفان میں بچوں اور خواتین سمیت 22افراد کی المناک موت کی وجوہات کا جائزہ لیا۔ کمیٹی نے اس حوالے سے متعلقہ انتظامی و سرکاری افسران کے علاوہ شہریوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ کمیٹی کو7 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ امکان ہے کہ کمیٹی اپنی رپورٹ مرتب کر کے 16جنوری کو وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن