غیرملکی شہریوں ‘سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کی سپیشل فورس ہے : آئی جی 

Jan 13, 2022

لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب پولیس راؤ سردار علی خان نے لاہور پولیس افسران کوہدایت کی ہے کہ لاہور پولیس ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے افسروں کیساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھے اور آئندہ ماہ ہونے والی دو عالمی بزنس ایکسپوز کے پر امن انعقاد کے حوالے سے جامع حکمت عملی کے تحت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔ دسویں ویکس نیٹ نمائش اور پاکستان انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کئیر شو میں شرکت کیلئے آنے والے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ بزنس ایکسپوز کیساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی رہائش گاہوں اور آمد و رفت کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی پلان تشکیل دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تین رکنی وفد کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔تین رکنی وفد میں ڈائریکٹر خلیل رسول، ڈائریکٹر اللہ داد تارڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹر رفیعہ سید شامل تھیں۔ملاقات لاہور میں آئندہ ماہ دو بین الاقوامی نمائشوں کی سکیورٹی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ غیر ملکی شہریوں اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس نے سپیشلائزڈ فورس سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) تشکیل دے رکھی ہے جو پنجاب میں آنے والے ہر غیر ملکی شہری، سرمایہ کار اور ماہرین کے تحفظ کیلئے ائیر پورٹ پررجسٹریشن کاؤنٹر سے ہی اقدامات کا آغاز کردیتی ہے۔ بزنس ایکسپوز میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے ایس اوپیز کے مطابق بہترین اقدامات کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں