رشوت‘کرپشن :ڈی ایس پی ‘سب انسپکٹر سمیت 9افسر‘اہلکار رنگے ہاتھوںگرفتار

Jan 13, 2022

لاہور (نامہ نگار) ٹریفک پولیس پنجاب کی ویجلنس ٹیم نے مختلف اضلاع میں چھاپے مار کر رشوت،کرپشن اور بے ضابطگیوں میں ملوث ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر سمیت 9 افسران واہلکاروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے اور انہیں عہدوں سے ہٹانے اور معطلی کی سزائیں دی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب شارق جمال اور ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر عباس شاہ کے احکامات پر ویجلنس انچارج انسپکٹر سلیم جٹ کی سربراہی میں ٹیم نے قصور میں سب انسپکٹر خضر حیات،کانسٹیبل احمد علی کو رشوت لیتے پکڑ کر جعلی چالان چٹ اور نقدی برآمد کر لی۔دونوں اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔خوشاب میں ڈی ایس پی لائسنسنگ نیلوفر کو لائسننگ برانچ میں بے قاعدگیوں اور کرپشن کی وجہ سے ان کے عہدے سے ہٹا کر لائن بھجوا دیا گیا ‘ ہیڈ کانسٹیبل سکندر حیات، ہیڈ کانسٹیبل نگاہ حسین اور کانسٹیبل امجد اقبال کو معطل کردیا گیا ہے۔ننکانہ صاحب میں ہیڈ کانسٹیبل اختر جاوید، ہیڈ کانسٹیبل عمران ارشد اور کانسٹیبل ابو صالح کو رشوت لیتے پکڑ لیا ہے اور انہیں معطل کر کے لائن بھجوادیا گیا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب شارق جمال اور ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر عباس شاہ نے کہا ہے کہ کرپٹ افراد اور ایسی کالی بھیڑوں کی کوئی جگہ نہیں۔کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں