لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سونامی صرف دعوئوںاور اعلانات کا طوفان تھا۔ جو ملک کی تباہی کر چکا۔ موجودہ کے ساتھ ساتھ سابقہ حکمرانوں کو بھی اپنے کیے کا جواب دہ ہونا ہو گا۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی جاگیرداروں، سرمایہ داروںاور وڈیروں کی پارٹیاں ہیں۔ موروثی سیاست کا وقت ختم ہو گیا۔ قوم جاگ چکی اور ملک میں اسلام کا نظام چاہتی ہے۔ منی بجٹ نامنظور، بھرپور احتجاج کریں گے۔ جماعت اسلامی قرآن و سنت کا انقلاب لانے کے لیے تیار ہے۔ ہم جمہوری جماعت ہیں اور اللہ کے فضل و کرم سے عوام کی طاقت سے پرامن اسلامی انقلاب برپا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمرگرہ دیرپائن میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر ضلع اعزاز الملک افکاری اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ سراج الحق نے کہا کہ کے پی میں بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے میں پی ٹی آئی کو مزید خفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔