لاہور‘کاہنہ‘ اسلام آباد (نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے غازی آباد کے علاقے میں شاہ زمان کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے 5لاکھ 15 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، گڑھی شاہو کے علاقے میں مرتضیٰ کی دکان سے2 لاکھ 17ہزار روپے، ساندہ کے علاقے میں عزیز الرحمن سے ایک لاکھ 10 ہزار روپے اور موبائل فون، سندر کے علاقے ابراہیم سے 75 ہزار روپے اور موبائل فون، فیصل ٹاؤن کے علاقے میں قیصر سے گن پوائنٹ پر 80 ہزار روپے اور موبائل فون، لاری اڈہ کے علاقے میں اکرم سے60 ہزار روپے اور موبائل فون، گجر پورہ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے وقاص سے گن پوائنٹ پر 20 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ دو نقاب پوش ڈاکوؤں نے رائیونڈ سٹی کے علاقے علی رضا آباد میں ایک فارمیسی سے33 ہزار روپے نقدی لوٹ لی۔ عملے کو زدوکوب بھی کرتے رہے۔ چوروں نے بھاٹی گیٹ کے علاقے میں ایک دکان سے 3لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور دیگر سامان چوری کر لیا۔چوروںنے مانگا منڈی اور ہربنس پورہ کے علاقوں سے 2 کاریں، چوہنگ کے علاقے سے رکشہ جبکہ لٹن روڈ، مصطفی آباد، راوی روڈ، رنگ محل، اچھرہ، نصیر آباد اور ہنجروال کے علاقوں سے7 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں اور فرار ہو گئے ہیں۔ اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر سے کے مطابق تھانہ کوہسار کے سیکٹر ایف سکس تھری میں ایڈیشنل آئی جی خیبر پی کے پولیس وصال فخر سلطان راجہ کے گھر سے 30 لاکھ روپے مالیتی 28 تولہ، طلائی زیورات چوری کرلئے گئے۔ ان کی اہلیہ شرمین سلطان نے پولیس کو بتایا کہ 15 دسمبر کو ڈریسنگ ٹیبل کی دراز سے میری شادی کی جیولری گھریلو ملازم صابر علی نے چوری کر لی جو فرار ہوگیا ہے۔کاہنہ سے نامہ نگار کے مطابق 3 موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے نشتر کالونی کے علاقہ یوحنا آباد میں شہری امجد اور اسکے ساتھی سے ڈیڑھ لاکھ‘ دوسری واردات میں دلم سٹاپ کے قریب بنک سے 4 لاکھ نکلوا کر آنے والے تاجر سے رقم اور موبائل چھین لیا۔ تیسری واردات میں نشترکالونی کے علاقہ DHA فیز 9 سے حامد خورشید سے ہزاروں لوٹ کر فرار ہو گئے۔
لاکھوں کی ڈکیتیاں، اسلام آباد میں ایڈیشنل آئی جی خیبر پی کے کے گھر 30لاکھ کی چوری
Jan 13, 2022