بارش، دھند کے باعث رسد میں خلل، مہنگائی میں اضافہ ہوا: پرائس کمیٹی

Jan 13, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین نے روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور ملک بھر میں اشیاء  ضروریہ کی سہل اور ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات یہاں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزارت خزانہ کے اقتصادی مشیر نے اجلاس کے شرکاء کو صارفین کے لئے قیمتوں کے ہفتہ وار اعشاریہ ایس پی آئی کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ہے جبکہ کم آمدنی والے گروپوں کے لئے مہنگائی کی شرح میں مجموعی طور پر کمی آئی ہے۔ 22 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں جبکہ 25 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پیاز اور ٹماٹر سمیت کئی اشیاء کی قیمتیں تین سال پہلے کے مقابلے میں کم ترین سطح پر ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے مختلف شہروں میں چینی کی قیمتوں میں معمولی اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ قیمتوں میں معمولی اضافہ بارش اور دھند کے باعث رسد میں خلل آنے سے ہوا ہے۔ اجلاس کے شرکاء کو دالوں کی قیمتوں میں آنے والی تبدیلیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ مونگ کی دال کے علاوہ دیگر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ شرح مبادلہ میں تبدیلی اور مال برداری کے اخراجات میں اضافہ ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

مزیدخبریں