لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹر یاسر شاہ کو مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دے دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کا مبینہ زیادتی کیس سے کوئی تعلق نہیں جس کے بعد اسلام آباد کے تھانہ شالیمار نے کرکٹر کا نام ایف آئی آر سے خارج کر دیا ہے۔متاثرہ خاتون نے بھی اعتراف کیا کہ یاسر شاہ کا نام غلط بیانی کے باعث ایف آئی آر میں شامل ہوا۔پولیس کی جانب سے ایف آئی آر کی ضمنی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق مدعیہ نے بھی یاسر شاہ کانام کیس سے نکالنے کا کہا ہے۔قومی کرکٹر یاسر شاہ نے مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دیے جانے کے بعد ٹوئٹر پر جاری بیان میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ سچ غالب آگیا، مجھ پر لگایا گیا زیادتی کا الزام میرے اہلخانہ، مداحوں اور پی سی بی کی سپورٹ اور دعاؤں کی بدولت خارج ہوگیا ہے۔ یہ سب ان لوگوں کے مجھ پر کیے گئے مکمل یقین کے بغیر ممکن نہ تھا، عالمی سطح پر میں پاکستان کی نمائندگی کرتا ہوں، جس کسی نے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی وہ پاکستان کی بدنامی ہوگی۔ میرے لیے وہ وقت بہت مشکل تھا لیکن پھر بھی میں نے خود کو ذاتی طور پر مقابلہ کرنے سے روکا اور سچائی کو بے نقاب کرنے کیلئے عدالتوں میں لے جانے کا ارادہ کیا۔ملک سے نفرت کرنے والے لوگ ہی اپنے مفاد کی خاطر اس حد تک گر سکتے ہیں۔ جن لوگوں نے میرا نام خراب کرنے کی کوشش کی ہے اْن کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گا۔
مبینہ زیادتی کیس: کرکٹر یاسر شاہ بے گناہ قرار‘ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان
Jan 13, 2022