گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)سینئر رہنما و ٹکٹ ہولڈر پی ٹی آئی این اے 81 چوہدری محمد صدیق مہر کی رہائشگاہ پر واسا کے متعلق شکایات کے حوالے سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں واسا حکام ،شہریوں اور بلدیاتی امیدواروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر حلقہ کو درپیش سیوریج مسائل کے حوالے سے تفصیل سے گفتگو کی گئی اور واسا افسروںکو بند سیوریج لائنز کو فوری رواں کرنے کی ہدایات کی گئی ۔ علاوہ ازیں بوسیدہ لائنز کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ نئی سیوریج لائنز بچھانے کے حوالے سے بھی جامع مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر چوہدری محمد صدیق مہر نے کہا کہ عوام کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے شبانہ روز خدمت کا سفر جاری ہے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر نئے منصوبے شروع کیئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کئی دہائیوں تک ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ اس موقع پر ایکسین واسا محمد اسلم، ایس ڈی او طفیل گھمن، سب انجینئر محمد بلال نے بند سیوریج لائنز کی فوری بحالی اور نئے منصوبوں کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر لقمان کھوکھر، خواجہ اعجاز کرامت، مہر شہباز، طارق محفوظ شاہ، چوہدری افضل چیمہ،با خالد، صداقت منڈ ، اصغر بارا، حاجی رزاق و دیگر بھی موجود تھے۔