گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت اور ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر دانش افضال اور ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوجرانوالہ ڈویژن کوثر حسین بلال کی زیرنگرانی محکمہ سوشل ویلفیئر ودیگر سماجی تنظیموں کے تعاون سے صنعت زارمیں دیوار احساس پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔ افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کوثر حسین بلال، ڈسٹرکٹ مینیجر صنعت زار سہیل محمود، سپرنٹنڈنٹ ماڈل چلڈرن ہوم زیب النسائودیگرموجودتھے۔ کوثر حسین بلال نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا دیوار احساس پروگرام کا مقصد مستحق اور غریب لوگوں کو موسمی شدت کم کرنے کے لیے گرم ملبوسات کپڑے، جرسیاں، کمبل وغیرہ مہیا کرکے انہیں سردی کی شدت سے بچانا ہے تاکہ ان کو بنیادی حقوق میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پر وزیراعلی پنجاب کے پروگرام دیواراحساس کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کارلائیں گے اس حوالہ سے مختلف سماجی تنظیموں اور مخیر حضرات کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقوں کے افراد سے اپیل کی کہ وہ بھی اس پروگرام میں بھرپور حصہ لیں ۔