سٹیٹ بینک کے مثبت اقدامات نے معیشت کو مستحکم کیا ،احسان ملک

Jan 13, 2022

کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی میں دی فیوچر سمٹ کے دوران پاکستان بزنس کونسل کے صدر احسان ملک نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وباء کے دوران بہترین کام کیا گیا، ایسی صورتحال میں سٹیٹ بینک کے مثبت اقدامات نے معیشت کو مستحکم کیا ہے  اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کورونا وبا سے نمٹنے والے 5  بہترین ملکوں میں شامل ہے۔چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ حکومت کو اپنی انشورنس کمپنیوں کو پی ایس ایکس میں اندراج کرنا ہوگا، سال 2021ء میں پی ایس ایکس کی کمپنیوں نے ریکارڈ منافع کمایا ہے جب کہ اسٹاک ایکسچینج میں اصلاحات کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو آسان موبائل اکائونٹ فراہم کرے گی۔ سابق ائیر چیف مارشل سہیل امان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مثبت سمت پر ہے اور جو لوگ دنیا کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں انہیں چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے،  وباء کے باعث لوگ ا یک دوسرے سے الگ ہوگئے ہیں لیکن انٹرنیٹ نے ہمیں آپس میں منسلک کر رکھا ہے۔دی فیوچر سمٹ کے پانچویں ایڈیشن کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے جب کہ گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر بھی خصوصی مہمان تھے۔ 

مزیدخبریں