سانحہ مری حکومت کے ماتھے پر بدنما داغ ،حاجی محمد اشرف قادری

Jan 13, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر) قادری اینڈ قریشی فاؤنڈیشن کے بانی و چیئرمین اور ممتاز اسلامی اسکالر حاجی محمد اشرف قادری نے سانحہ مری کے اندوہناک اور انتہائی افسوس ناک واقعے پر اپنے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی اللہ تعالیٰ حادثے میں جاں بحق ہونے والے لوگوں کی حتمی مغفرت فرمائے۔ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے صبر جمیل پر اجر جزیل عطا فرمائے اور آئندہ ایسے واقعات رونما ہونے سے پاکستانی عوام کو محفوظ فرمائے۔ اشرف قادری نے کہا کہ سانحہ مری حکومت کے ماتھے پر وہ بدنما داغ ہے جسے بیانات سے نہیں دھویا جاسکتا اس طرح تو کسی جنگل میں بھی نہیں ہوگا جو کچھ مری میں ہوا ہے یہ کیسا ملک ہے کہ ایک دو نہیں بلکہ دو درجن کے قریب جیتے جاگتے انسان اس طرح کھلے آسمان تلے سردی سے ٹھٹھر ٹھٹھر کر مرتے رہے اور حکمران چین کی بانسری بجاتے رہے۔ انسانیت تو کیا انسانوں کی نگری اورانسانیت کے نام پر قائم معاشرے میں اپنے ہی لوگوں کے ساتھ کیا ایساسلوک ہوتا ہے۔ مری کے چوکوں اورچوراہوں پر انسانیت سسک سسک اورتڑپ تڑپ کر مرتی رہی اور انتظامیہ طویل اجلاسوں میں مگن رہی جو کہ شرمناک المیہ ہے اگر ایسا واقعہ دنیا کہ مہذب معاشروں میں رونما ہوتا تو انتظامیہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے مستغفی ہوجاتی اور عوامی عدالت میں اپنے آپ کو پیش کردیتی حاجی محمد اشرف قادری نے مزید کہا کہ حکومت آئندہ ایسے دلدوز واقعات کی روک تھام کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں اور جاں بحق افراد کیلئے نقد امداد جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ مری میں انسانیت کا سرعام جنازہ نکلنے پر کوئی ٹس سے مس نہیں ہورہا اس اندوہناک واقعے پر کچھ شرم کرنے یا چلوں بھر پانی میں ڈوب مرجانے کے بجائے بناؤٹی صفائی کے بیانات کا راگ الاپہ جارہا ہے۔
اشرف قادری 

مزیدخبریں