راولپنڈی(جنرل رپورٹر)راولپنڈی میں قائم احتساب عدالتوں نے 2021ء میں یکم جنوری سے31دسمبر تک مجموعی طور پر 5 کرپشن ریفرنسوں کے فیصلے سنائے جبکہ اس وقت راولپنڈی کی تینوں احتساب عدالتوں میں مجموعی طور پر صرف12 کرپشن ریفرنس زیر سماعت ہیں،ریفرنسوں کی تیزی کے ساتھ سماعت کے لئے راولپنڈی میں جو چوتھی نئی عدالت قائم کی گئی تھی اس میں گزشتہ 6ماہ سے جج کی تعیناتی ہی نہیں ہوسکی ، عملہ موجود ہے،احتساب عدالت نمبر1کے جج راجہ قمر الزمان ہیں ان کی عدالت میں اس وقت کل 4ریفرنس زیر سماعت ہیں جبکہ اس عدالت نے گزشتہ برس2 ریفرنسوں کے فیصلے سنائے جبکہ احتساب عدالت 2 کے جج محمد سعید اللّہ کی عدالت میں اس وقت 2 ریفرنس زیر سماعت ہیں اس کورٹ نے گزشتہ برس ایک کیس کا فیصلہ سنایا احتساب عدالت نمبر3 کے جج علی نصراللہ کی عدالت میں 6ریفرنس زیر سماعت ہیں اس عدالت نے گزشتہ برس2ریفرنسوں کے فیصلے سنائے،احتساب عدالت نمبر4 نئی بنائی گئی تھی تاہم اس کے لئے جج کی تعیناتی ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے اس عدالت میں کوئی ریفرنس نہیں ہے۔