کراچی(نیوز رپورٹر)کراچی کے علاقے برنس روڈ پر واقع پیپلزاسکوائر پر رات گئے ہونے والی سرگرمیوں نے اہل علاقہ کو اذیت میں مبتلا کردیا ۔علاقے میں قائم فوڈ اسٹریٹ میں دکانداروں کی جانب سے رات گئے تک تیز آوا ز میں گانے بجائے جاتے ہیں جس سے شہریوں کے آرام میں خلل پڑتا ہے ۔ایس ایچ او آرام باغ کی تبدیلی کے
بعد نئے آنے والے پولیس نے اس حوالے سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے برنس روڈ کے علاقے محمد بن قاسم روڈ پر پیپلزاسکوائر کے نام سے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک خوبصورت کا جگہ بنائی گئی ہے جس میں عوام کی دلچسپی کے مختلف سامان رکھے گئے ہیں تاہم اب یہ پیپلزاسکوائر قرب و جوار کے رہنے والوں کے لیے زحمت بنتا جارہا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پیپلز اسکوائر میں قائم اسٹالز اور دکانوں کے مالکان کی جانب سے رات دو بجے تک تیز آوز میں گانوں کی ریکارڈنگ جاری رہتی ہے جس کی وجہ سے ان کے آرام میں خلل پڑتا ہے جبکہ یہ وقت تہجد کا بھی ہوتا ہے اس لیے نماز کی ادائیگی بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔پیپلزاسکوائر کے اطراف میں دو بڑی مسجدیں بھی موجود ہیں جن کے تقدس کا بھی خیال نہیں کیا جارہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ایس ایچ او کی تعیناتی کے بعد ان دکانداروں کی یہ سرگرمیاں مزید بڑھ گئی ہیں اور وہ کسی خوف کے بغیر شور شرابہ جاری رکھتے ہیں ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او نے علاقے میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی ہیں لیکن وہ ان سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی نوٹس نہیں لے رہے ہیں ۔انہوںنے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر صورت حال نوٹس لیتے ہوئے پیپلز اسکوائر میں رات گئے تک ہونے والے شورشرابے کے خلاف کارروائی کریں ۔