کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والانے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کو ہیرا پھیری مینجمنٹ اور مراد علی شاہ کو بریف کیس مینجمنٹ پر اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری ملنی چاہئیے۔ پیپلز پارٹی کے دور میں کراچی کا حال آثار قدیمہ کے شہروں جیسا ہوگیا ہے۔حیرت ہے کہ اسٹیک ہولڈرز نے پیپلز پارٹی کو پچاس سال سے سندھ میں فری ہینڈ کیوں دیا ہوا ہے؟ آصف علی زرداری اینڈ کمپنی کو اگر پیرس کا انتظام دے دیا جائے تو وہ اسے بھی موہنجو دڑو بنا دیں گے۔زرداری نے اقتدار کی خاطر آدھا صوبہ پنجاب کے حوالے کردیا ہے۔ اب سندھی بھائی کس منہ سے پنجابی اسٹیبلشمنٹ کی مخالفت کریں گے؟آصف علی زرداری کو ہارورڈ یونیورسٹی ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر کیس اسٹڈی کے لئے منتخب کرے۔کیس اسٹڈی سے پتہ چلے گا کہ بد ترین مینجمنٹ کے باوجود تسلسل کے ساتھ الیکشن کیسے جیتا جاتا ہے۔آصف علی زرداری دھاندلی سے الیکشن جیتنے کی سائنس کے بانی ہیں۔ منظم طریقے سے کرپشن کرنے کے آرٹ کے بھی ماسٹر ہیں۔ شہر کراچی پیپلز پارٹی کی پچاس سال سے تسلسل کے ساتھ حکومت میں آنے کی وجہ سے برباد ہو گیا ہے ۔ شہر میں ٹوٹی سڑکیں، ابلتے گٹر، سالڈ ویسٹ کا تعفن اور ٹریفک جام نے لوگوں کو نفسیاتی اور جسمانی امراض میں مبتلاء کر دیا ہے ۔ بیروزگاری اور منشیات کی فروخت میں کراچی کا پہلا نمبر ہے اور اس کا سارا کریڈٹ آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔