بلدیاتی اداروں کے فنڈز کرپشن کی نذر ہوگئے ،عمران قریشی

Jan 13, 2023


حیدرآباد(بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے حیدرآباد سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع کے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ 15 جنوری کو حیدرآباد ڈویژن میں ہونے والے بلدیاتی ا نتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو بھرپور ووٹ دے کر کامیاب کریں کیونکہ تحریک انصاف ہی اب امید کی آخری کرن ہے جو ان شہروں میں تبدیلی لاسکتی ہے۔ پیپلزپارٹی و ایم کیوایم برسہ برس سے کسی نہ کسی انداز میں برسراقتدار رہے ہیں لیکن سندھ خاص طورپر حیدرآباد جس تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے اس کے ذمہ دار بھی یہ ہی ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہیں،شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔ سیوریج کی لائنیں بوسیدہ ہوکر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ عوام کے بنیادی مسائل حل ہونے کے بجائے یہ جماعتیں عوام کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جبکہ عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔عوام نے پیپلزپارٹی و ایم کیوایم کو کئی مرتبہ آزمایا لیکن انہیں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا ۔ آج حالت یہ ہے کہ بلدیاتی اداروں کے فنڈز کرپشن کی نذر ہوگئے ہیں۔ پیپلزپارٹی بلدیاتی بجٹ کا 60 فیصد کرپشن کی مد میں لے جاتی ہے۔ اس صورتحال میں شہریوں کے مسائل میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب بھی اگر لوگو ں نے شعور کا مظاہرہ نہ کیا تو اس کا خمیازہ بھی انہیں خود ہی بھگتنا پڑے گا۔ 

مزیدخبریں