حیدرآباد(بیورو رپورٹ)کووڈ ڈیلی ویجز اسٹاف ایسوسی ایشن حیدرآباد کی جانب سے کووڈ ڈیلی ویجز ملازمین نے گذشتہ کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے و مستقل نہ کئے جانے کے خلاف وحدت کالونی میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا،احتجاج میں خواتین ملازمین بھی شریک تھیں جو کہ مطالبات کے حق میں سخت نعرے بازی کر رہی تھیں۔ اس موقع پر معروف پالاری، مدثر بھٹی، فیاض چانڈیو، اویس بھٹی و دیگر نے کہا کہ کووڈ 19 کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے سندھ بھر میں 5ہزارسے زائد ملازمین کو مستقل کرنے کی امید پر بھرتی کیا گیاتھا اور بھرتی کئے گئے ملازمین کو ایک سال تک تنخواہیں بھی ادا کی جاتی رہی ہیں لیکن اب ہمیں گذشتہ 6 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جا رہی ہیں اور ہماری تنخواہ بند کر دی گئی ہیں۔ ملازمین کے احتجاج کے باوجود نہ تو ملازمین کو مستقل کیا جارہا ہے اور نہ ہی تنخواہیں ادا کی جارہی ہے جبکہ مہنگائی کے سبب ہم سخت پریشانی کا سامنا کرنے پر مجبور و فاقہ کشی جیسی زندگی گزار رہے ہیں۔پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،وزیر اعلی سندھ وصوبائی وزیر صحت سے اپیل ہے کہ کو وڈ ڈیلی ویجیز ملازمین کو مستقل کر کے ان کی تمام بقایاجات تنخواہیں جاری کرے۔
کووڈ ڈیلی ویجز ملازمین تنخواہوں سے محروم
Jan 13, 2023