نئی دہلی(این این آئی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ایک بھارتی فرم کی طرف سے بنائے گئے دو کھانسی کے شربت کے خلاف الرٹ جاری کیا ہے جن سے ازبکستان میں 18 بچوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ الرٹ میں کہا گیا کہ کھانسی کے دو شربتوں میں ڈائی تھیلین گلائکول (ڈی ای جی) اور ایتھیلین گلائکول (ای جی) بہت زیادہ مقدار میں موجود ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ الرٹ ایمبرونول کھانسی کا شربت اور ڈوکس-1 میکس سیرپ کے بارے میں ہے جو نوئیڈا میں قائم دوا ساز کمپنی ماریون بائیوٹیک کے ذریعہ تیار کیے گئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے الرٹ پر کمپنی کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے اور اس نے اپنی ویب سائٹ بھی بند کر دی ہے۔اقوام متحدہ کے باڈی ہیلتھ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ زیر غور نمونوں کا ازبک محکمہ صحت کے حکام کے حکم پر ’نیشنل کوالٹی کنٹرول لیبارٹریز‘ کے ذریعے تجربہ کیا گیا۔ڈبلیو ایچ او کے الرٹ میں کہا گیا ہے ان غیر معیاری مصنوعات کا سراغ لگانا اور انہیں مارکیٹ سے ہٹانا ضروری ہے ۔ الرٹ میں دنیا بھر کے ڈرگ ریگولیٹرز سے کہا گیا کہ وہ اپنی متعلقہ مارکیٹوں میں ان بھارتی ساختہ ادویات کا جانچ پڑتال کا کام تیز کریں۔