جنیوا کانفرنس میں قرض دیا گیا، قوم کو شرائط سے آگاہ کیا جائے: سراج الحق 

Jan 13, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں امداد نہیں قرضے دیے گئے، قوم کو شرائط سے آگاہ کیا جائے۔ حکمرانوں کے پاس تمام مسائل کی چابی سودی قرضے اور قرضوں پر مزید قرضے ہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی صورت میں کرپٹ ٹرائیکا غیرترقیاتی اخراجات کم کرنے کو تیار ہے نہ کرپشن، پروٹوکول اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ چاہتا ہے۔ 15جماعتوں کی وفاقی و صوبائی حکومتیں ملک میں استحکام نہ لا سکیں۔ مہنگائی، بے روزگاری کا طوفان جاری، معیشت، صنعت، زراعت تباہ ہو گئی، ادارے کمزور، قوم مقروض اور ہر شخص پریشان ہے۔ حکمرانوں نے خزانہ، توشہ خانہ کو لوٹا اور استعمار کی وفاداری کی۔ جماعت اسلامی کو بھی حکمران جماعتوں نے ساتھ ملانے کی کوشش کی، ہم نے ان کا ساتھ نہیں دیا، ہم حق کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری جدوجہد ملک میں اسلامی نظام کے لیے ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکن عظیم جہاد کر رہے ہیں، ان کا جہاد فرسودہ اور کرپٹ نظام کے خلاف ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے مقصد میں ضرور کامیاب کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، کسی قسم کا دبا¶ قبول نہیں کریں گے۔ کراچی کے عوام ان لوگوں کو پہچان چکے ہیں جنہوں نے شہر تباہ کیا۔ کراچی کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ جماعت اسلامی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں اور بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں۔ جماعت اسلامی بدترین مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کر رہی ہے، آنے والے دنوں میں مظاہروں میں مزید تیزی لائیں گے، عوام کے حقوق کے لیے لڑائی بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔
سراج الحق 

مزیدخبریں