اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چینی سفیر نونگ رونگ اور برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے الوداعی ملاقاتیں کیں۔ کرسچن ٹرنر سے ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 90 لاکھ پاؤنڈ کی اضافی مدد کے اعلان پر شکریہ ادا کیا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی کے اقدامات کو سراہا۔ وزیرخارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ اس کے علاوہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چینی سفیر نونگ رونگ نے بھی وزارت خارجہ میں الوداعی ملاقات کی۔ اس دوران دو طرفہ تعلقات، سی پیک منصوبے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے چینی سفیر کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے چینی سفیر نونگ رونگ کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزرات خارجہ میں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے جنیوا کانفرنس میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے اضافی 100 ملین ڈالر کے اعلان کو سراہا۔ ملاقات کے دوران پاکستانیوں کے لیے ویزہ انٹرویو سے متعلق سہولیات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ویزہ سہولیات سے متعلق امریکی وزیر خارجہ سے تفصیلی بات ہوئی۔ اس اقدام سے نہ صرف ویزہ لینے کا عمل تیز ہوگا بلکہ عوامی رابطہ بڑھے گا۔ امریکی سفیر نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پاکستانی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغان ہم منصب امیر خان متقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے شہری دہشتگردی کا شکار ہیں۔
بلاول / ملاقاتیں