لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے پنجاب اسمبلی ٹوٹ جائے، نگران سیٹ اپ آ جائے گا۔ ہماری پارٹی میں پہلے رائے تھی کہ انہیں اسمبلیاں توڑنے دیں۔ عمران خان نے بار بار تاریخیں دیں تو ہم نے سوچا آئینی آپشن استعمال کرنا چاہئے۔ عمران خان جھوٹ کہہ رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ جھوٹ کی سیاست کرتے ہیں۔ ان کے 13,12 لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں تھے۔ اب پانچ ارکان تو اپنی بات پر رہے لیکن 7 افراد پھر گئے۔ ان سات کو پرویز الٰہی نے اسمبلی نہ توڑنے کا حلف دیا۔ سندھ اسمبلی توڑنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ بہتر ہے کہ قومی اسمبلی کا الیکشن بھی دیگر دو صوبوں کے ساتھ ہو۔ سندھ اور بلوچستان سے کیا زبردستی کہیں کہ اسمبلیاں توڑ دیں۔ ہم نے پہلے بھی کوئی عذر پیش نہیں کیا کہ اسمبلی نہ توڑیں۔ ہم نے گورنر کے ذریعے ایڈوائس بھیجنے کا حق استعمال کیا۔ ہم کسی کو پیسے دیتے تو اس کی جرات تھی کہ واپس جاتا۔ پرویز الٰہی نے صبح ہمارے لوگوں سے کہا کسی طرح تحریک عدم اعتماد لائیں۔ عمران کی مقبولیت نہیں ہے۔ الیکشن آئے گا تو پتا چلے گا کہ ان کی شہرت کہاں ہے۔ ضمنی الیکشن ہم بھی جیتتے رہے ہیں۔ جنیوا کنونشن بہت بڑا اقدام ہے۔ اب وزیراعظم امارات میں ہیں۔ ملک کو انہوں نے پھنسایا ہم نے بدترین صورتحال سے نکالا۔ کوئی پولیٹیکل انجینئرنگ ہوئی نہ ہم نے پیسے دیئے۔ ان کے دو بندے رات 12 بجے قابو میں آئے۔ عمران سیاسی مینجمنٹ کے ماہر ہیں تو اپنی آئینی مدت ہی پوری کر لیتے۔ حمزہ شہباز والدہ کی تیمارداری کیلئے لندن میں ہیں۔ بلال وڑائچ اپنے بھائی سے جھگڑنے کی وجہ سے گئے۔ ہم سے فیصلوں میں جو کوتاہی ہوئی ہے وہ آئندہ نہیں ہو گی۔ ہم پنجاب کا الیکشن اکثریت سے جیت کر دکھائیں گے۔ دریں اثناء رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دو صوبوں کی اسمبلیاں ٹوٹیں گی تو وہاں الیکشن ہو جائیں گے۔ ہم تو ابھی ذہنی طور پر الیکشن کیلئے تیار نہیں۔ ہماری کوشش تھی اسمبلیاں نہ ٹوٹیں مگر عمران کامیاب ہو گئے۔ زرداری صاحب پر گند اچھالا، وہ سارے دعوے کہاں گئے۔ عمران خان چاہتے تھے اسمبلیاں تحلیل ہوں، وہ کامیاب ہو گئے۔ ہم انہیں جلد الیکشن سے روکنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن کامیاب نہیں ہوئے۔ گزشتہ ضمنی الیکشن میں عمران خان خود ہر حلقے سے کھڑے ہوئے تھے۔ ملتان میں پی ٹی آئی سیٹ ہار گئی۔ عمران پنڈی میں کتنے لوگ لا سکے تھے؟۔ آگے بھی ان کو پتا لگ جائے گا۔
رانا ثناء ؍ کائرہ