مارات کی طرف سے پاکستان کو مزید ایک ڈالر قرض 2ارب ڈالر کی ادائیگی مدت میں توسیع

Jan 13, 2023


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد زاید النہیان نے 2ارب ڈالر کے موجودہ قرض کی ادائیگی کی مدت میں توسیع (رول اوور) اور ایک ارب ڈالر کا اضافی قرضہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو ابوظہبی کے دورہ کے پہلے دن متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد زاید النہیان سے ملاقات کی۔ یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم کا ابوظہبی میں خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی گرانقدر خدمات کی تعریف کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برادر ملک کے دورہ کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید وسعت دینے، شراکت داری کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیشرفت کی رفتار پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ جبکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور ہر سطح پر دوطرفہ تبادلوں اور باضابطہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر نے 2 ارب ڈالر کے موجودہ قرض میں کی ادائیگی کی مدت میں توسیع (رول اوور) اور ایک ارب ڈالر کے اضافی قرض کی فراہمی پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جس پر انہوں نے رضامندی کا اظہار کیا جس کیلئے تاریخ کا تعین سفارتی ذرائع کے ذریعے کیا جائے گا۔ مزید برآں وزیراعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورہ پر ابو ظہبی پہنچے۔ ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادی امور عبداللہ طوق المری اور پاکستانی سفارت خانے کے افسروں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا استقبال کیا۔ دریں اثناء وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہے، پاکستان سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی امداد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی فنڈ کے چار رکنی وفد سے جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی سربراہی سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان المرشد کر رہے تھے۔ دریں اثناء  وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے دورے کا مقصد تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ یو اے ای کے میرے دورے کا مقصد صدر شیخ محمد بن زاید کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس عزم اور فہم کا ادراک رکھتے ہیں کہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی۔ متحدہ عرب امارات کے صدر نے دو بلین امریکی ڈالر کے موجودہ قرض کو رول اوور کرنے اور ایک بلین امریکی ڈالر اضافی قرض فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ہر سطح پر دوطرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے یو اے ای کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے وزیراعظم محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم کیا۔ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے شہباز شریف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت اور نجی شعبے کے درمیان رابطوں کو تیز اور مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔ ملاقات میں تازہ ترین علاقائی‘ عالمی پیشرفت اور مشترکہ دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے اماراتی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔ اماراتی وزیراعظم کے دورے کی حتمی تاریخ کا اعلان باہمی رضامندی سے کیا جائے گا۔ اماراتی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے یو اے ای کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ شہباز شریف نے پاکستان یو اے ای کے درمیان تاریخی تعلقات کو سراہا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروںکے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد میں ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی (ADQ)  کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حسن السویدی اور انٹرنیشنل ہولڈنگز کمپنی (IHC) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید بصر شویب اور دیگر شامل تھے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ہماری حکومت سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات دینے کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔ ملاقات کے دوران وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع  کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو شعبوں خوراک اور زراعت، ہوا بازی، بجلی، متبادل توانائی بشمول شمسی توانائی، مالیاتی خدمات، صحت کی دیکھ بھال، صنعت، لاجسٹکس، رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں پاکستان کی جیو اکنامک پوٹینشل پر بریفنگ دی گئی۔ محمد حسن السویدی نے ADQ  کی عالمی موجودگی کو بڑھانے اور پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے  دلچسپی ظاہر کی۔ . ADQ مشرق وسطی کے خطے کی سب سے بڑی ہولڈنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے وطن کے دفاع اور اس کے تحفظ کے لیے متحدہ عرب امارات کے شہداء کی قربانیوں اور بہادری کے کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ابوظہبی میں قومی اور ثقافتی تاریخی مقام واحۃ الرامۃ  کا دورہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم کا استقبال ایگزیکٹو ڈائریکٹر مارٹائرز فیملیز افیئر خلیفہ بن تہنون نے کیا۔ وزیراعظم نے گارڈ آف اآنر کی پروقار تقریب میں شرکت کی۔


وزیراعظم؍ صدر یو اے ای 

مزیدخبریں