لاہور ( کامرس رپورٹر) پاکستان کے معروف ڈیجیٹل پیمنٹ پلیٹ فارم ایزی پیسہ نے فیصل فنڈز(فیصل ایسٹ مینجمنٹ لمیٹیڈ) کیساتھ شراکت داری کی ہے۔ فیصل فنڈز انڈسٹری میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں میں سے ایک ہے، جس کا مقصد تمام پاکستانیوں کو مالی طور پر بالخصوص ان کے مستقبل کے لیے سرمایہ کاری اور بچت کے حوالے سے بااختیار بنانے کے اجتماعی وژن کو فروغ دینا ہے۔یہ شراکت داری ایزی پیسہ کے ایک کروڑ 40لاکھ سے زائد صارفین کیلئے نئی راہیں کھولے گا۔ پاکستان بھر میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے فیصل فنڈز نے ایسٹ مینجمنٹ انڈسٹری کی ڈیجیٹل تبدیلی کو قبول کیا ہے۔
اور ایزی پیسہ ایپ کے ذریعے فنڈ مینجمنٹ کی سہولت متعارف کروائی ہے۔اس سلسلے میں حال ہی میں کراچی میں محمد مدثر عاقل، سی ای او، ایزی پیسہ/ ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک او ر خلدون بن لطیف،سی ای او، فیصل فنڈز نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلیٰ عہدیدارن بھی موجود تھے۔ تقریب میں سلمان احمد عثمانی، بورڈ چیئرمین، فیصل بینک نے بھی شرکت کی۔ عاکف سعید، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرتے ہوئے دونوں اداروں کو اس اہم شراکت داری پر مبارکباد بھی دی۔ایزی پیسہ کے صارفین صرف ایک کلک کے ذریعے فیصل فنڈز کے ساتھ اکاؤنٹ کھول کر کسی پریشانی کے بغیر سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے کسی بھی طرح کی دستاویزات کی ضرورت نہیں ہے جبکہ صارفین کو سرمایہ کاری اور رقم نکالنے، ان کی لین دین کی تاریخ دیکھنے، فنڈ کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے اور ایزی پیسہ ایپلی کیشن کے ذریعے اپنے اکاؤنٹ کے اسٹیٹمنٹ کے حصول تک مکمل رسائی حاصل ہوتی ہے۔