اسلام آباد (خبرنگار ) پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے عالمی ممالک اور مالیاتی اداروں کی جانب سے مدد پر تحریک انصاف کی ہرزہ سرائی افسوس ناک ہے۔ ٹوئٹر پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کو جنیوا کانفرنس میں پاکستان کی کامیابی پر افسوس ہوا ہے، عمران خان نے دعوی کیا تھا کہ حکومت جنیوا سے خالی ہاتھ لوٹے گی، جنیوا کانفرنس میں ممالک اورعالمی اداروں نے عمران خان کے دعوے کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں عالمی ممالک اور شراکت داروں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ۔