کرونا کے 26نئے مریض سعودی عرب نے حج کیلئے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی


اسلام آباد ریاض (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 26کیس رپورٹ ہوئے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 4ہزار 50کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے26 ٹیسٹ مثبت آئے۔ اس طرح اس مدت میں کرونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 0.64 فیصد رہی ہے۔ اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ16 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر کے مختلف شہروں میں 24گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹ میں پشاور میں331 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5 ٹیسٹ مثبت اور شرح 1.51فیصد رہی، لاہور میں817 ٹیسٹ میں سے10مثبت آئے اور وہاں پر مثبت کیسز کی شرح 1.22فیصد رہی جبکہ اسلام آباد میں 438 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے کوئی ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔ سعودی عرب نے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے کرونا سے بچاو¿ کی ویکسینیشن لازمی قرار دے دی۔ وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حج کی ادائیگی کے خواہش مند افراد کو کرونا وائرس سے بچاو¿ کی ویکسین کا مکمل کورس کرنا ہو گا۔ کرونا کی ویکسینیشن نہ کروانے والوں کو حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حج کے لیے آنے سے قبل عازمین احتیاطا فلو(انفلوئنزا) کی ویکسین بھی لگوا لیں۔ سعودی عرب نے رواں سال حج کے لیے عازمین کی تعداد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے کرونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عازمین کی تعداد محدود کر دی گئی تھی۔
حج، کرونا ویکسینیشن لازمی 

ای پیپر دی نیشن