فیصل آباد (کامرس ڈیسک)پاکستان میں اعلیٰ معیار کی حامل مچھلی کی مختلف اقسام بشمول سنگھاڑی،رہو، سول، بام،ترکنڈا،ٹراؤٹ، ڈمرہ، ملی وغیرہ پائی جاتی ہیں جن کی افزائش کے نظام کو بہتر کر کے پیداوار میں اضافہ کیاجاسکتاہے۔محکمہ ماہی پروری فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں بہتر معیار کی مچھلی کی قیمت انتہائی زیادہ ہے اسلئے لوگ سستی مچھلی خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ پاکستان میں فارمی مچھلی بھی وافر مقدار میں دستیاب ہے لیکن اس کا ذائقہ اور معیار دریائی مچھلی کے برابر نہیں ہے اسلئے لوگ دریاکی مچھلی کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان کے دریاؤں میں مچھلی کی افزائش بہتر بنانے کیلئے نئی ہیچریاں قائم کر دی جائیں تو ملکی ضرورت پوری کرنے کے علاوہ اضافی مچھلی برآمد کرکے اربوں روپے کا قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جاسکتا ہے۔ کرہ ارض پر مچھلی ایک صحت منداورانسان کیلئے مفید خوراک ہے لیکن اس کی پاکستان میں مارکیٹنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مچھلی کی پرورش اور تجارت میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں موثرپالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ٹھنڈے اور سمندری پانی کی مچھلیوں کی تجارت اور اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے معاشی استحکام بھی حاصل کیاجاسکتاہے۔