اسمبلی کی تحلیل کے متعلق مشاورت مکمل کرلی گئی ہے. تاہم گورنر پنجاب کی جانب سے آج سمری پر دستخط کئے جانے کا امکان ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے آئینی ماہرین سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ گورنر پنجاب آج رات وزیراعلیٰ پنجاب کی سمری پر دستخط کر دیں گے جس کے بعد دستخط کے بعد پنجاب اسمبلی آج رات تحلیل ہوجائے گی۔
بعدازاں گورنر پنجاب پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا گزٹ نوٹیفیکشن جاری کریں گے اور پرویز الٰہی کے نگران وزیراعلی کا نوٹیفیکشن جاری ہو گا۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گزشتہ رات پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر پنجاب کو ارسال کی تھی۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی سمری موصول ہوگئی ہے۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ جو بھی فیصلہ کروں گا بھاری دل سےکروں گا. پنجاب اسمبلی عوامی نمائندگان کا ہاؤس ہے. اسمبلی کو تحلیل کرنا کوئی آسان فیصلہ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایڈوائس پر عمل درآمد کرنا ناخوشگوار لمحہ ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے دوران پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے اور پنجاب اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی تھی۔