ٹرمپ نے عدالت میں جج کو ڈانٹ دیا‘ مؤکل کو سنبھالو‘ جج کی وکیل کو تنبیہ

Jan 13, 2024

نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوران پیشی عدالت میں جج کو ڈانٹ دیا جس کے بعد جج نے امریکا کے سابق صدر کے وکیل کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مؤکل کو سنبھالو۔  ٹرمپ کے خلاف سول فراڈ کا مقدمہ دائر ہے، ان پر کاروباری اثاثوں کی زائد مالیت بتا کر بینکوں اور بیمہ کنندگان کو دھوکا دینے کا بھی الزام ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دوران سماعت ٹرمپ حتمی دلائل خود دینا چاہتے تھے تاہم بعض پابندیوں کو تسلیم کرنے سے انکار کی وجہ سے انہیں اجازت نہیں دی گئی تھی۔ جج آرتھر نے ٹرمپ کے وکیل کو سننے کے بعد سابق صدر کو اضافی مگر مختصر بیان کی اجازت دی تو ساتھ ہی کہا کہ وہ کمرہ عدالت کا احترام کریں۔ جج کی جانب سے خبردار کیے جانے کے باوجود ٹرمپ نے کمرہ عدالت کو انتخابی دنگل میں تبدیل کردیا، بولے پراسیکیوٹرز کی کوشش ہے کہ انہیں دوبارہ صدر بننے سے روکیں اور اگر وہ اس پر بات نہیں کرسکتے تو یہ ٹھیک نہیں ہوگا۔ جج نے مداخلت کی کوشش کی تو ٹرمپ نے انہیں بھی جھڑک دیا اور کہا کہ تمھارا بھی اپنا ایجنڈا ہے، تم ایک منٹ سے زیادہ سن نہیں سکتے جس پر جج نے ٹرمپ کے وکیل کو تنبیہ کی کہ اپنے موکل کو قابو میں رکھو۔

مزیدخبریں