پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی توہین عدالت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ الیکشن کمیشن کیخلاف پی ٹی آئی کی توہین عدالت درخواست کی سماعت پشاور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ درخواست پر سماعت جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل پشاور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت قاضی انور ایڈووکیٹ اور شاہ فیصل الیاس ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔ پی ٹی آئی نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر شائع کرنے کا حکم دیا تھا تاہم نا تو پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کا سرٹیفکیٹ جاری ہوا اور نا ہی الیکشن کمیشن نے یہ سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر جاری کیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے پر اور بلے کا نشان نہ دینے پر الیکشن کمیشن کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔