سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے: بلاول، عوامی تحریک کا این اے 127 سے حمایت کا اعلان

 لاہور (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  منہاج القرآن سیکرٹریٹ پہنچے جہاں انہوں نے 2014 میں ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے 14 جبکہ اسلام آباد میں شہید ہونے والے منہاج القرآن کے 9 شہداء  کی یادگار پر حاضری دی اور یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے تحریک منہاج القرآن کی رکنیت سازی کا فارم  پْر کیا اور منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں 24 گھنٹے ذکر و اذکار کے مقام گوشہ درود کا دورہ بھی کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، سینئر نائب صدر راجہ زاہد محمود اور نائب صدر میاں زاہد الاسلام، عوامی تحریک کے سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری اور ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز خان کے علاوہ پاکستان عوامی تحریک کے نائب ناظم اعلی ایڈمنسٹریشن جواد احمد، صدر عوامی لائرز فورم نعیم الدین چوہدری، سیکرٹری جنرل راشد چوہدری ایڈووکیٹ، عوامی تحریک وسطی پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول اور جنرل سیکرٹری میاں کاشف محمود نے بھی ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی پی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری، وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی، این اے 127 کے کمپئین انچارج ذوالفقار علی بدر اور قاسم گیلانی  بھی موجود تھے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے این اے 127 میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ بلاول بھٹو زرداری  لنک بیدیاں روڈ پر  اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پہنچے اور ان سے ان کی خواہر نسبتی نگہت چیمہ کے انتقال پر تعزیت کی اور اعتزاز احسن کی اہلیہ بشری اعتزاز سے ان کی ہمشیرہ نگہت چیمہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور نگہت چیمہ کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی۔ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک  خرم نواز گنڈا پور نے  ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی این اے 127 میں  حمایت میں بھرپور جلسہ کریں گے اور پیپلز پارٹی کے لئے ہماری حمایت اس حلقے میں نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مخالفت صرف ن لیگ سے ہے کیونکہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہماری ملزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ابھی تک نہیں ہوا، شہداء  کے ورثا کو انصاف ملنا چاہئے، بلاول بھٹو زرداری کے شکر گزار ہیں آج وہ ہمارے دفتر آئے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہمارے مؤقف کی حمایت کی۔ پیپلز پارٹی نے 17 جون 2014 سے سانحہ ماڈل پر ہمیشہ اصولی موقف اختیار کیا ہے۔ ہم انتقام کی سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی کی ہم نے پہلے ضمنی الیکشن میں بھی مدد کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن