لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی محسن نقوی نے پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی کا دورہ کیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات اور ٹائلز وکاؤنٹرز پر مٹی، داغ و دھبے دیکھ کر ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے کنٹریکٹر، محکمہ تعمیرات ومواصلات کے حکام اور ایم ایس کو فوری طلب کر لیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات اور ٹائلز پر مٹی کے نشانات دکھائے اور صفائی کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایم ایس صاحب صفائی کی صورتحال اتنی خراب کیوں ہے؟۔ نئی ایمرجنسی میں صفائی کے انتظامات کسی طور پر بھی تسلی بخش نہیں۔ محسن نقوی نے فوری طور پر کمشنر کو بھی بلا لیا اور صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے فرش پر گری ہوئی فائل اٹھا کر وہیل چیئر پر موجود مریض کو دی جس پر مریض نے وزیراعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے گجرات کی رہائشی خاتون کی جانب سے انجیوگرافی کیلئے وقت دینے میں تاخیر کی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انجیوگرافی جلد کرانے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں میوہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کا کام آخری مراحل میں ہے۔ محسن نقوی نے میو ہسپتال ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور فنشنگ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے ایل پی جی کے غیر معیاری سلنڈرز کی غیر قانونی طور پر تیاری و فروخت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایل پی جی کے غیر معیاری سلنڈرز غیر قانونی طور پر تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں ایل پی جی کے غیر معیاری سلنڈرز غیر قانونی طور پر تیار و فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ محسن نقوی کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کی رہائش گاہ گئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی اور ان کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے پنجاب بار کونسل کی نئی بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور پنجاب بار کونسل کے لئے 5کروڑ روپے گرانٹ کا چیک بھی دیا۔ محسن نقوی کا پنجاب بار کونسل پہنچنے پر وکلاء نے خیرمقدم کیا اور پھول پیش کئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ بار کونسل کی نئی بلڈنگ احسان نہیں ہے بلکہ وکلاء کا حق ہے اور حکومت حق دینے کی پابند ہے۔ جہاں سے بھی وکلاء برادری سے تعاون کی درخواست آتی ہے، ہم بلا تشہیر تعاون کرتے ہیں اور بار کونسلز کی مالی معاونت بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تین ماہ کیلئے وکلاء کی ڈگری کی تصدیق مفت ہو گی اور اس ضمن میں کل ہی کارروائی شروع کردیں گے۔ آئندہ 90دنوں کیلئے وکلاء بغیر فیس کے ڈگری کی تصدیق کرا سکتے ہیں۔ محسن نقوی کو پنجاب بار کونسل کی تقریب کے دوران وکلاء برادری نے زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ سپریم کورٹ بار کے سابق صدر احسن بھون نے کہاکہ میں پنجاب بار کونسل کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ہمیں محسن نقوی جیسا وزیراعلیٰ ملا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے غیر معمولی سپیڈ سے مکمل کئے ہیں اور ان کی رفتار کو کوئی نہیں پہنچ سکتا۔ لاہور کی ترقی دیکھیں، یونیورسٹی سے ڈیفنس فیز 5تک سگنل فری کوریڈور بن گیاہے۔ یہ ناقابل یقین سپیڈ ہے، ہمیں محسن نقوی جیسا وزیراعلیٰ ہی چاہیے۔