ہائی میڈ ایئر ڈیفنس سسٹم کا تجربہ، مسلح افواج اپنے ہتھیار جدید بنا رہی ہے: آرمی چیف

Jan 13, 2024

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)  چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے سونمیانی میں مشق البیزا تھری 2024 کے دوران مختلف ایئر ڈیفنس ویپن سسٹمز کی فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج نے آرمی ایئر ڈیفنس سسٹم کے مربوط فائر اور جنگی مشقیں دیکھیں ،جن میں ہائی ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم ہائی میڈ لو ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس سسٹم لو میڈ، شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم اور توسیعی مختصر رینج ایئر ڈیفنس سسٹم شامل ہیں۔ پاکستان کی فضائی سرحدوں کے فضائی دفاع کو بڑھانے کے لیے ایک تاریخی کامیابی اور سنگ میل کے طور پر ہائی میڈ سسٹم پہلی بار فائر کیا گیا ہے جو دوسرے ہتھیاروں کے نظام کے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا اور اس کا مشق کے دوران تجربہ بھی کیا گیا۔ آرمی چیف نے کور آف آرمی ایئر ڈیفنس کی آپریشنل تیاری کے ساتھ ساتھ اہداف کے حصول کی قابل ذکر کامیابی کو سراہا۔اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کے خلاف پیدا ہونے والے کسی بھی خطرے کو روکنے اور اس کا جواب دینے کے لیے ضروریات کے مطابق اپنے نظام کو جدید بنا رہی ہیں۔ کور کمانڈر کراچی، کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس، انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور انسپکٹر جنرل آرمز نے بھی مشق کا مشاہدہ کیا۔ قبل ازیں آرمی چیف نے آرمی ایئر ڈیفنس سینٹر کا دورہ بھی کیا۔ یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال کو آرمی ائیر ڈیفنس کور کرنل کمانڈنٹ کے بیج بھی لگائے۔علاوہ ازیں آرمی چیف جنر عاصم منیر نے کہا ہے کہ نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا منصوبہ نوجوانوں اور آئندہ نسلوں کیلئے بے پناہ فوائد کا باعث بنے گا۔ نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک سلیکون کے دوسرے باب کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب  میں آرمی چیف نے ایروسپیس سائنس کے شعبے میں پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا، آرمی چیف نے نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو قومی اور سٹریٹجک اہمیت کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے سے ملک کو متعدد فوائد حاصل ہوں گے کیونکہ یہ تکنیکی ترقی اور قوم کے لئے ایک پلیٹ فارم پیش کرکے خود انحصاری کو فروغ دے گا۔

مزیدخبریں