پاکستان کے سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 96 ویں سالگرہ دبئی میں منائی گئی- جس کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی یو اے ای کی طرف سے کیا گیا- جس میں سپیکر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی- سالگرہ کی تقریب میں ذوالفقار علی بھٹو کی 96 ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا گیا-تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبرنے کہا کہ زندہ قومیں اپنے لیڈروں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں- شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو آئین دیا عام آدمی کو شناخت دی، پاسپورٹ دیا، ریاست پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا- مسلہ کشمیر پر بھٹو شہید نے کہا کہ میں خواب میں بھی مسلہ کشمیر پر سمجھوتہ نہیں کر سکتا- 3 یا 4 بار وزیر اعظم بننے سے لوگوں کے دلوں میں جگہ نہیں بنتی- پاکستان کے عوام کے دلوں میں جگہ پانے کے لئے اپنی ذات کی قربانی دینی پڑتی ہے-شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید کے خاندان نے پاکستان کے لئے اپنا خاندان قربان کر دیا تاریخ نے انھیں امر کر دیا- لطیف اکبرنے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کو پاکستانی مشن میں کشمیر ڈیسک دیا جایے جہاں کشمیری اپنے مسائل حل کرسکیں- انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو آئندہ وزیر اعظم ہوں گے- جاوید یعقوب نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کے لئے آزاد کشمیر میں او پی ایف طرز کا سپیشل ادارہ قائم کیا جائے جہاں ترجیحی بنیادوں پر اوورسیز میں رہنے والے کشمیریوں کے مسائل حل کئے جائیں-تقریب سے چوہدری لطیف اکبر سپیکر آزاد کشمیر، جاوید یعقوب صدر پاکستان پیپلز پارٹی یو اے ای، ملک خادم شاہین جنرل سیکٹری پاکستان پیپلز پارٹی یو اے ای، نائب صدر چوہدری فراز، چوہدری رشید بانیاں، یو کے سے آئے مہمان ڈاکٹر محمد شمیم خان، اسحاق بدر، فاروق بانیاں رہنما پی وائی او، عبدالقیوم چوہان، سینئر صحافی معروف انجم، انیس الرحمان، یوسف بٹ، زاہدہ ملک اور دیگر نے بھی خطاب کیا- سٹیج سیکرٹری کے فرائض چوہدری محفوظ ایڈووکیٹ نے ادا کئے- ہال میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور جیو بھٹو کے نعرے لگائے-