شدید دھند، مزید 25پروازیں منسوخ، موٹرویز بند، ٹریفک حادثات میں ڈرائیور، 3خواتین جاں بحق

Jan 13, 2024

لاہور (نمائندگان+ ایجنسیاں) دھند کے باعث حادثات میں تین خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ اندرون‘ بیرون ملک مزید 25 پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ کئی مقامات سے موٹر ویز بھی بند رکھی گئیں۔ چنیوٹ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق فیصل آباد جانے والی ویگن نمبر E8852کا شمس ملز کے قریب ڈمپر سے تصادم ہو گیا۔ 30سالہ ثناء بی بی فیصل آباد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ 20سالہ رمشاء بی بی، 65سالہ ثریا بی بی  فیصل آباد، 26 سالہ وسیم سرگودھا، 30 سالہ شاہد پیر محل، 27 سالہ اویس اوکاڑہ شدید زخمی ہو گئے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق عارفوالا روڈ پر 118/9-L کے قریب شوکت علی کی والدہ صلاں بی بی اور اس کی بھابھی رانی، بھتیجے محسن کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں دونوں خواتین جاں بحق ہو گئیں جبکہ بھتیجا محسن زخمی ہو گیا۔ ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ قصور/ چشتیاں سے آئی این پی کے مطابق قصور میں تیز رفتار مسافر بس بے قابو ہو کر روہی نالے میں گر گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور دم توڑ گیا جبکہ 15 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ چشتیاں میں ٹریکٹر ٹرالی اور کار میں تصادم کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بورے والا میں دھند کے باعث ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ خاتون زخمی ہو گئی۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق جدہ ملتان کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 840 کو لاہور اتارا گیا۔ پی آئی اے کی شارجہ، دبئی، جدہ اور ابوظبی پشاور کی 4پروازوں کی اسلام آباد میں لینڈنگ ہوئی۔ ایوی ایشن حکام  نے بتایا کہ شارجہ، دبئی، ابوظبی، جدہ سے پشاور کی 7 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسلام آباد سے گلگت اور کراچی کی 4پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔ اس کے علاوہ کراچی سے سکھر، پشاور، لاہور، شارجہ اور جدہ کی 11 پروازیں بھی منسوخ کی گئی۔ نجی ایئر کی ملتان سے دبئی اور جدہ کے مابین 3 پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔

مزیدخبریں