شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر سابق رکن صوبائی اسمبلی امیدوار این اے 115 و امیدوار پی پی 141محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ 8 فروری کو (ن) لیگ دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ قومی معیشت کو تباہ کرنے اور ملک کو ملک کو انتشار کی آگ میں جھونکنے کی سازش کرنے والوں کو عوام اپنے ووٹ سے شکست فاش دیں گے۔ نواز شریف کی قیادت میں پوری قوم متحد ہے اور انہیں چوتھی بار ملک کا وزیر اعظم بنانے کا عزم مصمم کئے ہوئے ہے تاکہ ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کا دور پھر سے شروع ہوسکے۔ نواز شریف جلد قوم کے درمیان ہوں گے اور عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ نواز شریف کو سیاسی میدان سے نکالنے کی کوششیں کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔ اپنے ایک بیان میں کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک و قوم کو درپیش مسائل کے منجدھار سے نکالنے کی کاوشوں کی عملی تکمیل کا وقت آگیا ہے جس کیلئے قوم کو کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنے ووٹ کی طاقت سے (ن) لیگ کو برسر اقتدار لانا ہوگا۔ غیور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواروں کے حق میں شیر کے انتخابی نشان پر مہر ثبت کرکے ان کی کامیابی کو یقینی بناکر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ مسلم لیگ (ن) ہی ملک اور قوم کو مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے اور عوام کی امیدیں بھی مسلم لیگ سے ہی وابستہ ہیں۔
8 فروری کو (ن) لیگ دوتہائی اکثریت سے کامیاب ہوگی: عارف سندھیلہ
Jan 13, 2024