اسلام آباد‘ لاہور (خصوصی نامہ نگار + این این آئی) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے افغانستان کے نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر‘ وزیر دفاع ملا یعقوب اور وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا ہمارے دورہ افغانستان کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان داخلی و خارجی استحکام لانا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھے گی تو خوشحالی اور امن آئے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے امارت اسلامی افغانستان کے وزیرداخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی جس میں وزیر مہاجرین حاجی خلیل الرحمان سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔ وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین نے مولانا فضل الرحمان کے دورہ افغانستان کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیرداخلہ خلیفہ سراج الدین نے مولانا فضل الرحمان کو افغانستان کی داخلی صورتحال سے آگاہ کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے خلیفہ سراج الدین کی دونوں ممالک کے درمیان کردار اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان داخلی و خارجی استحکام لانا ہے۔ پاکستانی قوم افغانستان کی عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ دورے کا مقصد مسائل کو حل کرنا ہے‘ پاکستان کی خواہش ہے افغانستان کے ساتھ تجارت قانونی ہو۔ ملا عبدالغنی نے کہا افغانستان محفوظ‘ پرامن ملک ہے اور آپ کے دورے کے مثبت اثرات ہوں گے۔ ملا یعقوب نے کہا آپ کے دورے سے کشیدگی کم ہو گی۔ ادھر مولانا فضل الرحمن افغانستان کا دورہ مکمل کر کے اسلام آباد پہنچ گئے۔ خلیفہ سراج الدین نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ داخلی معاملات پر بہترین تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کی سرحدی امور پر مذاکرات اور باہمی اشتراک سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پاکستان سے افغان مہاجرین کی بے دخلی کے وقت ناروا سلوک پر ہم نے آواز اٹھائی تھی۔