امریکی بحریہ کے دو سیلرز صومالیہ کے ساحل میں لاپتا ہوگئے۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے دو سیلرز کے صومالیہ کے ساحل میں لاپتا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں سیلرز جمعرات کے روز صومالیہ کے ساحل پر ایک آپریشن میں مصروف تھے تاہم اب ان کا کوئی پتا نہیں۔امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہےکہ دونوں سیلرز کی لوکیشن کا پتا لگاکر ان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اضافی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں کہ دونوں سیلرز لاپتا ہونے کے وقت کیا کررہے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی بحریہ کا بتانا ہےکہ دونوں سیلرز امریکی بحریہ کے پانچویں فلیٹ ایریا سے آگے کی طرف تعینات تھے جو کو ایک مشن میں معاونت کررہے تھے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہےکہ دونوں سیلرز کی فیملیز کو دھیان میں رکھتے ہوئے اس حوالے سے فوری مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔امریکی میڈیا کا بتانا ہےکہ امریکی فوج صومالیہ کے ساحل میں الشباب گروپ کے خطرے کے پیش نظر چھوٹے آپریشن کرتی ہے اور امریکا الشباب کو دہشتگرد تنظیم سمجھتا ہے جب کہ امریکا اس سلسلے میں صومالی حکومت سے مل کر ان کی فوج کو بھی ٹریننگ فراہم کرتا ہے۔